سال2014 کے بعد سے بھوک سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ہر روزکئی ہزارٹن خوراک ضائع ہو رہی ہے۔عالمی سطح پر پیدا ہونے والی خوراک کا تقریباً 14 فیصد فصل کی غیر ذمہ دارانہ حفاظت اورذخیرہ اندوزی کے باعث ضائع ہو جاتا ہے جب کہ ایک اور اندازے کے مطابق عالمی خوراک کی کل پیداوار کا 17 فیصد (11 فیصد گھروں میں، 5 فیصد خوراک کی تقسیم میں اور 2 فیصد ذخیرہ اندوزی میں) ضائع ہو جاتا ہے ۔ ستمبر 29 کو دنیا بھر میں خوراک کے ضیاع کو روکنے بارے آگاہی کا عالمی دن منایا جاتا ہےتاکہ لوگوں میں یہ شعوربیدار کیا جاسکے کہ سنجیدگی اختیار کرتے ہوئے خوراک کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے جدت کے ساتھ آگے بڑھاجائے۔ خوراک کی کمی اور ضیاع ہمارے کھانے کے نظام کی پائیداری کو نقصان پہنچاتا ہے۔ جب خوراک ضائع ہو تی ہے توبلواسطہ یا بلاواسطہ اُن تمام وسائل (پانی، زمین، توانائی، محنت اور سرمایہ) کا بھی ناقابل تلافی نقصان ہوتا ہے جو اس خوراک کو پیدا کرنے کے لیے استعمال کیے گئے تھے اور یہ اسباب خوراک کی قیمتوں کو بڑھانے کا موجب بنتے ہیں۔ ذیل میں دی گئی کچھ تجاویزپر عمل کرنے سے آپ گھروں میں اس طرح کھانے کی منصوبہ بندی کرسکیں گےکہ جس سے خوراک کم سے کم ضائع ہوگی۔ خوراک کی منصوبہ بندی اور خریداری ہفتہ وار کھانوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے فہرست بنانے میں آپ کے پیسے اور وقت ، دونوں کی بچت ہے۔ اگر آپ صرف وہی خریدیں جو آپ استعمال کرناچاہتے ہیں تو آپ اسے تروتازہ رکھ کر بہتر استعمال میں لاسکتے ہیں۔ خریداری سے قبل اپنے فریج ، فریزر اور کچن میں دیکھیں تاکہ پہلے سے موجوداشیائے خورونوش خریدنے سے گریز کیا جا سکے۔ اپنی خریداری کی فہرست اس بنیاد پر بنائیں کہ آپ گھر میں کتنے کھانے کھائیں گےاورکتنی بار باہر کھاناکھائیں گے۔ خریداری کی فہرست میں مقداریں بھی ضروردرج کریں تاکہ خوراک کے ضائع ہونے کا خدشہ کم سے کم ہو ۔ بڑی مقدار میں خریدنا (مثلاً ایک کے ساتھ ایک مفت یا کوئی ڈیل وغیرہ) صرف اس صورت میں پیسے بچاتا ہے جب آپ سارے کھانے کو خراب ہونے سے پہلے استعمال کر لیں۔ اپنی پلیٹ میں بھی کھانے کی اتنی مقدار ڈالیں جو آپ بآسانی کھا سکیں۔ دوبارہ کھانا لینا ضائع کرنے سے کئی درجے بہتر ہے۔
دنیا میں ایندھن کا نعم البدل ہے لیکن انسان کےایندھن کا نہیں
29
Sep
Facebook Comments Box